اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جماعتیں اپنے انتخابی نشان پر الیکشن لڑنے جا رہی ہیں، انہوں نے ذہنی طور پر شکست تسلیم کر لی ہے اور الیکشن میں رکاو ٹ ڈالنا چاہتے ہیں
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کل عمران خان لاہور سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، میں بھی ان کے ساتھ ہوں گا، ملک انتخابات کی طرف جا رہا ہے، ہوسکتا ہے کہ صوبوں اور مرکز کے انتخابات ایک ساتھ کرائے جائیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا کو فضل الرحمان کے رشتے سے زیادہ آئین اور قانون کو دیکھنا ہے، سپریم کورٹ نے واضح طور پر الیکشن کمیشن اور گورنر خیبرپختونخوا سے کہا ہے کہ انتخابات کی تاریخ بتائیں۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری سے وہ سیاسی طور پر مزید مضبوط اور مقبول ہوں گے، ملک کے حالات سنگین اور گھمبیر ہوتے جارہے ہیں، الیکشن ہی واحد حل ہے۔