اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے شہید کارکن علی بلال کا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑیں گے، نگراں وزیراعلیٰ، آئی جی، سی سی پی او کے خلاف مقدمہ چلائیں گے۔
اپنے ویڈیو لنک خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں بدترین مارشل لاء ادوار سے زیادہ سختی کی جا رہی ہے، کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ظلم کا نہیں، عدالت نے میری تقریر پر سے پابندی اٹھانے کا حکم دیا۔
ظل شاہ کے والد پر کیس سے دستبردار ہونے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، یہ کون کر رہا ہے اور کس کے پاس اتنی طاقت ہے؟
تحریک انصاف کے کارکن علی بلال کی موت تشدد، پوسٹمارٹم رپورٹ میں انکشاف
عمران خان نے کہا کہ پولیس والے کہہ رہے ہیں، انہوں نے ایسا نہیں کیا، کون اتنا طاقتور ہے جو میرا جے آئی ٹی ریکارڈ غائب کر رہا ہے، عدالتی حکم کے باوجود سابق سی سی پی او لاہور کو بحال نہیں کیا گیا، گورنر خیبرپختونخوا الیکشن کی تاریخ نہیں دے رہے، اس کے پیچھے کون ہے جو الیکشن کی تاریخ نہیں دے رہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ کیا تباہی کے راستے پر چلنا ہے، ہمارے پاس دو راستے ہیں، ایک غلامی اور دوسرا حقیقی آزادی کا راستہ، حکمرانوں نے ملک کو تباہ کیا، ملک اب تباہی کے راستے پر گامزن ہے۔ .
عمران خان نے کہا کہ علی بلال جیسا واقعہ برطانیہ میں ہوتا تو قوم باہر نکل آتی، زرداری، نواز شریف، شہباز شریف جیسے مجرم ملک کو لوٹ رہے ہیں، ان کا پیسہ باہر پڑا ہے، انہیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ میں قوم سے کہتا ہوں، یہ وقت ہے، سب کو ظلم کے خلاف کھڑا ہونا ہے۔