اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق امریکی سفیر زلمے خلیل زاد نے خفیہ دورہ کرکے عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہا ہے کہ عمران خان کارکنوں کو ڈھال بنا کر قانون کا سامنا کرنے سے بچنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بارہا کہہ چکے ہیں کہ عمران خان کے پیچھے بیرونی ایجنڈا ہے، اسلام دشمن قوتیں ملک میں انتشار چاہتی ہیں ،پی ڈی ایم کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ زلمے خلیل زاد نے خفیہ دورہ کیا اور عمران خان سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ زلمے خلیل زاد پاکستان میں علیحدگی پسند تنظیموں کے حامی ہیں، وہ چین کے خلاف بات کرتے ہیں اور الجزائر پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ عمران خان کے پیچھے کون سی قوتیں ہیں۔پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہودیوں کے نمائندوں کی جانب سے عمران خان کی حمایت لمحہ فکریہ ہے، امریکا سے یہودیوں کے نمائندے عمران خان کی حمایت میں آگے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان سے ڈرتے ہیں کیونکہ شاید آئین نہ بدل جائے۔