اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)امریکا کے سابق خصوصی ایلچی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ پاکستان کی پارلیمنٹ آئندہ چند روز میں پی ٹی آئی پر پابندی عائد کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں
عمران خان کی گرفتاری سے پاکستان کا سیاسی بحران مزید گہرا ہو جائے گا،زلمے خلیل زاد
سابق امریکی سفارتکار زلمے خلیل زاد نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ حکومت سپریم کورٹ سے عمران خان کو الیکشن کے لیے نااہل قرار دینے کا کہہ سکتی ہے، ان اقدامات سے سیاسی پولرائزیشن اور تشدد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ حکومت نے عمران خان کو ریاست کا نمبر ون دشمن بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، ایسے اقدامات سے پاکستان کا سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی بحران مزید گہرا ہو جائے گا۔
زلمے خلیل زاد نے کہا کہ کچھ ممالک پہلے ہی پاکستان میں سرمایہ کاری روک چکے ہیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ بھی غیر یقینی ہے۔
زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ پاکستان کی سیاسی قیادت قومی مفاد کو نقصان پہنچانے والی تخریبی سیاست سے باہر آجائے گی اور اگر ایسا نہ کیا تو پاکستان کے بارے میں میری تشویش بڑھ رہی ہے۔