اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ملک کے مختلف شہروں میں پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد سیاسی کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔
ملتان میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن، پولیس نے 10 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا، ملتان میں گرفتار کارکنوں کو مختلف تھانوں میں رکھا گیا۔
وہاڑی میں پولیس کا پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپہ، پولیس نے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا، گرفتار افراد میں پی ٹی آئی رہنما اور سابق ناظم و سابق چیئرمین ضلع عشر و زکوٰۃ کاشف خان خاکوانی بھی شامل ہیں۔ .
بورے والا میں پی ٹی آئی کے کارکنوں اور سینئر رہنماؤں کے گھروں پر بھی پولیس نے چھاپے مارے، ان چھاپوں میں سینئر رہنما کشف عارفین غوری کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ بیشتر رہنما اور کارکن روپوش ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں
8 اکتوبر کو الیکشن ہوں گے یا نہیں اس کی گارنٹی کون دے گا؟عمران خان
بھکر میں بھی پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار کر متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا، منکیرہ کلور کوٹ اور دریا خان میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب میاں چنوں، تھانہ چب کلاں، تھانہ صدر، تھانہ تلمبہ اور تھانہ سٹی میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، مختلف کارروائیوں میں متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیاگیا ہے۔