اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) فواد چوہدری نے پی ڈی ایم جماعتوں کے اجلاس کے اعلان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں افراتفری اور ہیجان پیدا کرنے والے گروہ کو امید تھی کہ آٹے کی قطار میں لگنے والے دو درجن شہری مر جائیں گے۔ لیکن مجرموں کا ٹولہ سفاکیت کی تاریخ رقم کر کے آئین پاکستان پر براہ راست حملہ کر رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان میں سنگین ترین معاشی اور سیاسی بحران کی وجہ فاشسٹوں کا یہ گروہ ہے، گزشتہ 11 ماہ کے دوران انہوں نے معیشت اور حکومت کی چولیں ہلا دی ہیں، ملک میں سیاسی اور معاشی بحران کا واحد حل منصفانہ اور شفاف انتخابات ہیں جس میں انہیں اپنی سیاسی موت نظر آتی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 224 واضح طور پر اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر انتخابات کرانے کا حکم دیتا ہے،
فاشسٹوں کا گروہ 90 دنوں میں انتخابات کے انعقاد سے بچنے کے لیے قوم کو ججوں اور بنچوں کی بحث میں الجھانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ گروہ آڈیو لیکس کے ذریعے ججوں کو نشانہ بنانے اور بنچوں کی تشکیل پر اعتراضات کی آڑ میں سپریم کورٹ کو آئین کے تحفظ سے روکنا چاہتا ہے