اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر قرارداد لانے والوں کے خلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور کے زمان پارک میں پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات میں عمران خان نے پنجاب میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے مشاورت کی اور ایک ہفتے میں امیدواروں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔
عمران خان نے کہا کہ ‘عوام کے سمندر نے امپورٹڈ حکمرانوں کو تارے دکھا دئیے، نااہل حکومت جتنا چاہے روئے، الیکشن بہرحال ہونگے
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر قرارداد لانے والوں کے خلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کر رہے ہیں، عدلیہ کے تحفظ اور آئین کی بالادستی کے لیے عوام سڑکوں پر آنے کو تیار ہیں، عید کے بعد انتخابی جلسوں کا آغاز کروں گا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ غیر آئینی قرار دادیں سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کو نہیں روک سکتیں، الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم پر عمل درآمد شروع کرکے دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ۔
انہوں نے کہا کہ ‘الیکشن کے بعد پنجاب میں ترقی اور خوشیوں کا سفر دوبارہ شروع ہو گا ۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر بانی ایم کیو ایم کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں۔
پی ٹی آئی کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ ‘مریم نواز، رانا ثنا اور اعظم نذیر تارڑ کے احمقانہ فیصلوں نے حکومت کو تباہی کی طرف لے جایا ہے اور اب اس کے لیے کوئی راستہ نہیں بچا ۔