اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان 6 ماہ کی جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔
سعودی عرب کے عرب میڈیا کے مطابق جنگ بندی کا مقصد 2 سال کے عبوری سیٹ اپ پر 3 ماہ کے مذاکرات کی راہ ہموار کرنا ہے۔
ایک حوثی اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے رہا کیے گئے 13 حوثی قیدی صنعاء پہنچ گئے ہیں، اس سے قبل کہ حوثیوں نے ایک سعودی قیدی کو رہا کیا تھا۔مذاکرات کے دوران یمن کی بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کو کھولنے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے اجراء، تعمیر نو کے منصوبوں اور سیاسی منتقلی جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں
یمن کی خانہ جنگی میں 11,000 سے زائد بچے ہلاک ہوئے: اقوام متحدہ
واضح رہے کہ دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیش رفت کے بعد عرب اتحاد نے فروری میں یمن پر عائد درآمدی پابندیوں میں نرمی کی تھی جس کے بعد حوثیوں کے زیر کنٹرول جنوبی بندرگاہوں پر سامان کی نقل و حرکت شروع ہوگئی تھی۔
یمنی حکومت کا کہنا ہے کہ اب تمام تجارتی بحری جہاز عدن سمیت یمن کی جنوبی بندرگاہوں پر براہ راست لنگر انداز ہو سکیں گے، کئی اشیا کی درآمد پر عائد پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں اور اب کھاد اور بیٹریوں سمیت 500 اقسام کی اشیاء کی درآمد کی جا سکتی ہے۔