اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستانی نژاد امریکی ڈیموکریٹ ڈاکٹر آصف محمود نے امریکی نائب صدر کملا ہیرس سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیا کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف محمود نے امریکی نائب صدر سے ملاقات کی تصدیق۔
دو اہم ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ریاست کیلیفورنیا میں امریکی نائب صدر سے ڈاکٹر آصف محمود کی ملاقات میں پاکستان میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر آصف محمود نے امریکی نائب صدر سے ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنوں پر مقدمات اور گرفتاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض رہنماؤں اور کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ڈاکٹر آصف محمود نے امریکی نائب صدر کو بتایا کہ پاکستان میں اظہار رائے کی آزادی پر پابندی ہے اور دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کو آزادی سے مظاہرہ کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔
ملاقات کے دوران عدالتی بحران پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف محمود نے کمالہ حارث کو بتایا کہ حکومت چیف جسٹس کے فیصلوں پر عملدرآمد سے گریزاں ہے جس کی وجہ سے قانون کی حکمرانی کا تصور ختم ہوتا جا رہا ہے۔ڈاکٹر آصف محمود نے نائب صدر امریکہ کو بتایا کہ فوری انتخابات ہی پاکستان میں مسائل کا واحد حل ہیں تاکہ سیاسی اور معاشی بحران ختم ہو۔