اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) حکومت انتخابات کے لیے فنڈز معاملے پر نظر ثانی کرے ورنہ غیر معمولی نتائج ہوسکتے، چیف جسٹس کے ریمارکس ،ملک میں بیک وقت انتخابات سے متعلق سماعت پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ توقع ہے حکومت انتخابات کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی پر نظر ثانی کرے گی۔
سپریم کورٹ نے انتخابات کیس میں ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے سینئر رہنما ئوں کو کل طلب کرلیا۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ درخواست کی سماعت کر رہا ہے، 3 رکنی بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔
سماعت 11:30 بجے مقرر تھی تاہم تاخیر کے بعد کارروائی 2 بجے شروع ہوئی۔
وزارت دفاع کی ملک بھر میں بیک وقت انتخابات کی درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر
سماعت کا آغاز قرآنی آیات کی تلاوت سے ہوا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے دعا کی کہ اللہ ہمیں درست فیصلے کرنے کی ہمت دے اور ہمیں اچھے لوگوں میں شامل کریں تاکہ جب ہم چلے جائیں تو ہمیں اچھے الفاظ سے یاد کیا جائے۔
انہوں نے ریمارکس دیئے کہ معاملہ بہت طول پکڑتا جا رہا ہے
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارت دفاع نے سپریم کورٹ میں سربمہر رپورٹ جمع کرائی تھی جس میں انتخابات کا حکم واپس لینے کی استدعا کی گئی تھی۔
سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں وزارت دفاع نے استدعا کی کہ ملک بھر میں انتخابات ایک ساتھ کرائے جائیں کیونکہ دہشت گردوں اور شرپسندوں کی جانب سے انتخابی مہم پر حملوں کا خدشہ ہے۔
وزارت دفاع نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا تھا کہ قومی، بلوچستان اور سندھ اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے کے بعد انتخابات کرائے جائیں