اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ہالینڈ میں پولیس نے شراب پی کر گاڑی چلانے کے الزام میں ‘بورس جانسن نامی شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈچ پولیس نے شراب کے نشے میں ڈرائیونگ کرنے پر ایک شخص کو گرفتار کرلیا تاہم پولیس افسران اس کا ڈرائیونگ لائسنس دیکھ کر حیران رہ گئے جس پر سابق وزیراعظم کی تصویر کے ساتھ اس کا نام بورس جانسن درج تھا۔
لائسنس پر سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی صحیح تاریخ پیدائش کے ساتھ تصویر تھی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ 2019 میں تیار کردہ جعلی یوکرین کا ڈرائیونگ لائسنس تھا جس کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ 3000 تھی، جبکہ 35 سالہ ڈرائیور کا تعلق گروننگن کے مغرب میں واقع چھوٹے سے قصبے زیڈورن سے ہے
پولیس کے ترجمان ہیجس ڈمسٹرا نے بتایا کہ شمالی ڈچ شہر گروننگن میں ایما پل کے قریب آدھی رات کو ایک کار کھمبے سے ٹکرا گئی۔ جب پولیس وہاں پہنچی تو ڈرائیور گاڑی میں نہیں تھا بلکہ پل پر کھڑا تھا۔ اس نے اپنی شناخت کرنے سے انکار کر دیا اور اپنے نشے کی حالت کی تصدیق کے لیے بریتھ لائزر ٹیسٹ کرانے سے بھی انکار کر دیا۔ترجمان نے بتایا کہ جب پولیس نے کار کی تلاشی لی تو اس کے اندر سے بورس جانسن کا جعلی ڈرائیونگ لائسنس برآمد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں
جعلی نوٹ کی نشانیاں کیا ہیں ؟پاکستانی کرنسی کےبارے میں دلچسپ معلومات
پولیس یہ نہیں بتا سکی کہ جعلی دستاویز کہاں سے بنائی گئی تاہم ڈچ پبلک براڈکاسٹر NOS کی صحافی اور روس میں اس تنظیم کی سابق نمائندہ کیسیا ہیکسٹر نے انکشاف کیا کہ سربراہان مملکت کے نام پر جعلی ڈرائیونگ لائسنس آسانی سے دستیاب ہیں۔ یوکرین میں سیاحوں کی دکانیں سے خریدا جا سکتا ہے۔