اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے 26 اضلاع کی 63 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہوگئی ہے۔
پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
کراچی کے 7 اضلاع کی 11 یو ایس سیز اور 15 وارڈز کی 26 نشستوں پر پولنگ جاری ہے جب کہ دیگر 19 اضلاع کی 37 نشستوں پر پولنگ جاری ہے۔
اس موقع پر کراچی میں 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جب کہ 26 اضلاع کے 292 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 157 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
جیکب آباد، کشمور، شکارپور، نواب شاہ، سانگھڑ، مٹیاری، ٹنڈوالہیار اور جامشورو میں ایک ایک نشست پر پولنگ ہوگی جبکہ گھوٹکی، سکھر، خیرپور، بدین اور سجاول میں دو دو نشستوں پر پولنگ ہوگی۔
نوشہروفیروز، دادو اور ٹھٹھہ میں تین تین جبکہ حیدرآباد میں دس نشستوں پر ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
یاد رہے کہ ممبر ضلع کونسل، چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل کونسل کی نشستوں پر امیدواروں کی وفات کے باعث انتخابات نہیں ہوسکے تھے۔