اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی دو مقدمات میں درخواست ضمانت کی سماعت آج ہوگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق دوپہر ڈیڑھ بجے سماعت کریں گے۔ عمران خان کے خلاف ایک مقدمہ بغاوت اور دوسرا قتل کی دفعات کے تحت درج ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔ سابق وزیراعظم کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے میں کسی بھی غیر مجاز شخص کا داخلہ ممنوع ہوگا، پولیس، رینجرز اور ایف سی کی بھاری نفری سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
کمرہ عدالت میں داخلہ صرف خصوصی پاسز سے مشروط ہوگا، عمران خان کی قانونی ٹیم کے 15 وکلا کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے 30 ارکان اور صحافی کمرہ عدالت میں داخل ہو سکیں گے جبکہ اٹارنی جنرل آفس کے 10 وکلاء کو کمرہ عدالت میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے عمران خان سمیت پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے وزارت داخلہ کو گرین سگنل دے دیا ہے جس کے بعد عمران خان کو عدالت میں پیشی کے بعد گرفتار کرنے کا بھی امکان ہے ۔