اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی عدالت کے احاطے سے گرفتاری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اور سیکریٹری داخلہ کو فوری طلب کرلیا۔
تفصیل کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کے کیسز سے متعلق سماعت شروع کرتے ہوئے اونچی آواز میں پوچھا کہ کیا ہوا؟ انہیں بتایا گیا کہ عمران خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ جس نے یہ کیا غلط کیا ہے، ایڈووکیٹ جنرل نے کہا آدھا گھنٹہ دیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ شیشے ٹوٹ گئے ہیں، جس نے بھی کیا غلط کیا ہے، اگر میں نے کارروائی کرنی ہے تو وزرا اور وزیراعظم کے خلاف بھی کارروائی کروں گا۔
عمران خان کے وکیل نعیم نے کہا کہ پولیس، وکلا اور عملے کو رینجرز نے مارا۔ عدالت نے سوال کیا کہ عمران خان کو کس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے؟ انہیں بتایا گیا کہ القادر ٹرسٹ میں گرفتار کیا گیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد، سیکرٹری داخلہ کو پندرہ منٹ میں طلب کر لیا۔ انہوں نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو پندرہ منٹ میں پیش ہونے کی ہدایت بھی کی۔