اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پی ٹی آئی کارکنان راولپنڈی میں آرمی ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 1 پہنچ گئے اور توڑ پھوڑ کی
مشتعل مظاہرین نے گیٹ نمبر ایک کے باہر توڑ پھوڑ کی اور پھر زبردستی گیٹ کھول کر اندر داخل ہوئے۔
اس جگہ پر مظاہرہ تاحال جاری ہے جب کہ مری روڈ پر حمزہ کیمپ کے باہر سیکیورٹی چوکی کو بھی آگ لگا دی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں بھی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج جاری ہے جہاں لاہور کینٹ میں کور کمانڈر ہاؤس کے باہر مظاہرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔
مظاہرین نے یہاں گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی ہے جب کہ مظاہرین نے لاہور کینٹ میں کچھ پولیس وین کو بھی آگ لگا دی ہے۔
پشاور میں مظاہرین نے خیبر روڈ پر ریڈ زون کی طرف بڑھنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے آنسو گیس کے شیل فائر کیے اور رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔
مظاہرین نے خیبر روڈ پر چوک کے قریب ریڈیو پاکستان کی عمارت کے اندر چاغی پہاڑ کے ماڈل کو آگ لگا دی۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے پاکستانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘آپ لوگوں کو آج اپنے گھروں سے نکلنا ہوگا۔شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کوئی گھر میں نہ بیٹھے۔ عمران خان آپ کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
عمران خان کی گرفتاری کے خلاف مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنان سراپا احتجاج ہیں۔
پشاور میں چند مظاہرین نے ایف سی ہیڈ کوارٹر کے سامنے نعرے لگائے جب کہ پولیس نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کرنے پر مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کی قیادت میں مظاہرین لاہور کے مال روڈ پر پہنچ گئے اور پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے باعث پولیس کو پیچھے ہٹنا پڑا۔