اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان ڈیموکریٹک الائنس نے ضلعی انتظامیہ سے سپریم کورٹ کے باہر جلسے کی اجازت مانگ لی۔پی ڈی ایم کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو دی گئی درخواست میں 15 مئی کو ڈی چوک پر عوامی اجتماع کی اجازت مانگی گئی ہے۔درخواست میں ریلی کی اجازت کے ساتھ سیکیورٹی کی بھی درخواست کی گئی ہے۔
یہ درخواست مسلم لیگ ن کے صدر طارق فضل چوہدری، جے یو آئی کے سیکرٹری مفتی محمد عبداللہ اور مسلم لیگ ن راولپنڈی ڈویژن کے صدر ابرار احمد نے کی ہے۔
اس حوالے سے صدر مسلم لیگ ن اسلام آباد ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ احتجاج کی درخواست ضلعی انتظامیہ کو جمع کرادی ہے، اسلام آباد بھر سے مسلم لیگ ن کے کارکنان احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے۔
ڈاکٹر طارق فضل کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کی درخواست میں لفظ احتجاج شامل ہے تاہم دھرنا کا لفظ شامل نہیں ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر ملک بھر سے جے یو آئی کے قافلے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے ہیں، دھرنے میں شرکت کے لیے ن لیگ کا کارواں بھی حیدرآباد سے روانہ ہوگیا ہے۔