اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ترجمان مذہبی امور کے مطابق عازمین حج کیمپ میں شیڈول کے مطابق آئیں، تمام عازمین حج کیمپ سے ویکسین اور ضروری ادویات کی پیکنگ شیڈول کے مطابق کرائیں، عازمین کو ویب سائٹ کے ذریعے مطلع کیا جا رہا ہے۔
شیڈول کے مطابق اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے پہلی حج پروازیں 21 مئی کو روانہ ہوں گی، پہلی حج پرواز سیالکوٹ سے 22 مئی، ملتان سے 23 مئی، کوئٹہ سے 24 مئی کو روانہ ہوگی۔
رحیم یار خان سے پہلی حج پرواز 6 جون کو روانہ ہوگی جب کہ سکھر سے 7 جون کو آخری حج پرواز 20 جون کو روانہ ہوگی۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق حاجی کیمپوں میں گردن توڑ بخار، فلو اور پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا آغاز 17 مئی سے ہوگا۔
حج کیمپوں سے پاسپورٹ، ٹکٹ، ویزا، شناختی لاکیٹس وغیرہ پرواز سے 24 گھنٹے قبل فراہم کیے جائیں گے، حج ادائیگی کے بعد واپسی کی پروازیں 4 جولائی سے شروع ہوں گی۔
قبل از حج فلائٹ آپریشن 19 جون تک جاری رہے گا، عازمین پہلے 12 روز براہ راست مدینہ منورہ جائیں گے، ترجمان کے مطابق سرکاری سکیم کے تحت رواں سال 82 ہزار افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے حاجی کیمپ اسلام آباد میں حاجیوں کو خدمات فراہم کرنے والے قومی بینکوں کے بوتھس کا افتتاح کیا۔
سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ حجاج کرام اللہ کے مہمان ہیں، ان کو خدمات فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔