اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو حراست میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 کے قریب سے حراست میں لیا گیا ہے۔عمران اسماعیل کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
عمران اسماعیل کی گرفتاری پر اپنے ردعمل میں پی ٹی آئی نے لکھا کہ اس حکومت کا فاشزم مکمل طور پر بے مثال اور شرمناک ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے اہم ترین رہنما حسین جہانیاں گردیزی کو ایک بار پھر پنجاب کے شہر ملتان سے گرفتار کر لیا گیا۔
ملتان ہائی کورٹ نے دو روز قبل نظر بندی کیس میں حسین جہانیاں گردیزی کو رہا کیا تھا۔
واضح رہے کہ 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں اور ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، ان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں۔