اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کی خواتین رہنمائوں کی راولپنڈی میں جی ایچ کیو پر دھاوا بولنے کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔
مبینہ آڈیو میں جی ایچ کیو پر حملے کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما کنول شوز ب کا مبینہ کردار نظر آرہا ہے، جس میں سابق رکن پنجاب اسمبلی فرح آغا کنول شوز ب کا پیغام پارٹی کے خواتین ونگ کی دیگر خواتین تک پہنچا رہی ہیں۔
مبینہ آڈیو میں سابق ایم پی اے فرح آغا پی ٹی آئی کی کارکن سبرینہ سے کہہ رہی ہیں کہ مجھے ابھی جی ایچ کیو پہنچنا ہے، میں اس لیے باہر نکلی ہوں کیونکہ میم کنول نکی ہوئی ہیں۔ جی ایچ کیو آنا ہے، میم کنول نے کہا ہے جی ایچ کیو جانا ہے ۔
فرح آغا کا مزید کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کام نہیں کر رہا اور تمام سروسز بند ہیں۔ فرح آغا کی پی ٹی آئی خواتین ونگ کی ڈپٹی جنرل سیکرٹری فرخندہ سے بھی بات ہو رہی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ لیاقت باغ کے مقام پر اتنی بری شیلنگ ہو رہی ہے۔ پولیس اور لڑکوں میں لڑائی ہورہی ہے، صدر جانے کے تمام راستے بند ہیں، فیض آباد میں راشد حفیظ، شفیق اور سماویہ موجود ہیں، سماویہ ہیروئن بن کر آگے بڑھ رہی ہے
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں کارکنوں کی جانب سے پرتشدد مظاہرے کیے گئے۔