اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے 20 سال بعد اپنی بڑی بہن فوزیہ صدیقی سے ملاقات کی۔
جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان کے مطابق فوزیہ صدیقی نے 20 سال بعد فورٹ ورتھ جیل میں ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کی جو ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی۔
سینیٹر مشتاق احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ ملاقات 20 سال بعد ہوئی، جو ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی، ڈاکٹر فوزیہ کو عافیہ سے گلے ملنے اور مصافحہ کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فوزیہ کو ڈاکٹر عافیہ کو ان کے بچوں کی تصویریں دکھانے کی اجازت نہیں دی گئی، جیل کے ایک کمرے میں درمیان میں موٹا شیشہ تھا اور اس کے پار ملاقات تھی۔
انہوں نے کہا کہ عافیہ نے سفید اسکارف اور خاکی جیل کا لباس پہن رکھا ہے۔ ڈھائی گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات کے پہلے گھنٹے میں ڈاکٹر عافیہ نے ہر روز جس اذیت سے گزر رہی تھی اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی ماں، بچے ہر وقت یاد رہتے ہیں (انہیں اپنی ماں کی موت کا معلوم نہیں)
ان کا مزید کہنا تھا کہ جیل میں حملے کے باعث ڈاکٹر عافیہ کے اگلے دانت گر گئے اور سر پر چوٹ کی وجہ سے انہیں سننے میں بھی دشواری کا سامنا تھا۔
سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ اگرچہ صورتحال تشویشناک ہے لیکن ملاقاتوں اور بات چیت کا راستہ کھل گیا ہے، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام اپنی آواز بلند کریں اور حکمرانوں کو فوری اقدامات کرنے پر مجبور کریں اور عافیہ کی رہائی کا معاملہ امریکی حکومت کے ساتھ اٹھائے۔ .
انہوں نے مزید کہا کہ جمعرات کو دوبارہ ملاقات طے ہے اور میں خود ملاقات کروں گا۔