اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کو گرفتار کر لیا گیا۔
تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہی کی گرفتاری کے لیے پولیس نے ایک بار پھر چوہدری پرویز الہی کی رہائش گاہ اور قریبی سڑک کو گھیرے میں لے لیا تھا
پولیس نے ظہور الہی روڈ کے گول چکر پر چوہدری پرویز الہی کی گاڑیوں کو گھیرے میں لے کر گرفتار کر لیا۔
نگر ان وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے بھی چوہدری پرویز الہی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہی پولیس کو مطلوب تھے اور فرار ہونے کی کوشش میں گرفتار ہوئے۔
عامر میر نے کہا کہ چوہدری پرویز الہی چھپنے کی کوشش کے ماہر ہیں لیکن چونکہ چند روز سے علاقے کا محاصرہ تھا اور اگر وہ آج بھی باہر نہ آتے تو شاید گرفتار نہ ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہی کی گرفتاری کے دوران مزاحمت ہوئی اور وہ جس گاڑی میں موجود تھے وہ بلٹ پروف تھی، جب انہوں نے دروازہ کھولنے کی کوشش کی تو دروازہ نہیں کھلا، جس کے بعد انہوں نے گاڑی کی کھڑکیوں کے شیشے توڑنے کی کوشش کی۔ اور پھر گاڑی کا دروازہ کھلا تو چوہدری پرویز الہی باہر نکلے۔
یاد رہے کہ چوہدری پرویز الہی نے کرپشن کیس میں عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی تاہم گوجرانوالہ کی اینٹی کرپشن عدالت نے چوہدری پرویز الہی کی درخواست مسترد کردی تھی کیونکہ ملزم کو ضمانت کے لیے عدالت میں پیش ہونا ضروری ہے۔
پولیس اس سے قبل بھی چوہدری پرویز الہی کی گرفتاری کے لیے کئی بار چھاپے مار چکی ہے تاہم ان کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔