اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف نے پلاسٹک کی آلودگی پر قابو پانے کے لیے عالمی تھیم کے تحت فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان میں پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اقدامات کی عجلت کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت نے ماحول دوست متبادل طریقوں کو اپنانے کو ترجیح دی ہے۔شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں سنگل یوز پلاسٹک کا استعمال روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ استعمال شدہ پلاسٹک کو مرحلہ وار ختم کرنے کے لیے جامع فریم ورک بنایا جائے گا، وزارت موسمیاتی تبدیلی کی طرح تمام وزارتیں اسے ختم اور محدود کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزارتوں اور تمام ڈویژنوں میں پلاسٹک کی بوتلوں کے استعمال پر پابندی ہونی چاہیے، وزیراعظم نے پلاسٹک کی ری سائیکلنگ اور سرکلر اکانومی کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز، شہریوں، سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ نسلوں کے لیے ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کریں۔