اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ترکی میں راکٹ اور دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والی ‘مکینیکل اینڈ کیمیکل انڈسٹری’ (MKE) فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے۔
ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کے دارالحکومت انقرہ سے 40 کلومیٹر دور واقع ایک فیکٹری میں زوردار دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے اور قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
ترک محکمہ دفاع کے مطابق دھماکا فیکٹری کے ڈائنامائٹ ڈپارٹمنٹ میں ہونے والے واقعے کی وجہ سے ہوا۔ترک نائب وزیر دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ فیکٹری کے اندر ہونے والے دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا محکمہ دفاع کے حکام نے جائزہ لیا اور اس میں کوئی غیر معمولی چیز نظر نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فیکٹری میں ہمارے کارکن معمول کے مطابق اپنا کام کر رہے ہیں کہ اچانک دھماکہ ہوتا ہے۔ترک محکمہ دفاع کے مطابق واقعے کی عدالتی اور انتظامی سطح پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جب کہ صدر مملکت کو بھی واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ترک میڈیا کے مطابق صدر رجب طیب ایردوان نے بھی واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔