اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)سعودی عرب نے پوری دنیا کو مسترد کرتے ہوئے اپنی سرزمین پر کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔
باخبر ذرائع کے مطابق کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر سعودی ولی عہد نے پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر کو اپنے ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مشاورت کے لیے مدعو کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کی خصوصی دعوت پر مدعو کیے گئے ندیم عمر کھیل کی ترقی اور فروغ کے لیے متعلقہ حکام کو تجاویز پیش کریں گے جب کہ اس تناظر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے جائیں گے
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ندیم عمر اپنی ٹیم کے ساتھ سعودی عرب کی قومی کرکٹ ٹیم بنائیں گے جب کہ فرنچائز سعودی عرب کا ڈومیسٹک کرکٹ سسٹم بھی بنائیں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی قیادت کرنے والے سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ سابق ٹیسٹ کپتان معین خان بھی اس منصوبے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ عمر کے انتخاب کو پاکستان کے لیے بڑا اعزاز قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ندیم عمر پی سی بی کے تحت حال ہی میں ہونے والے انتخابات میں بلامقابلہ کراچی ریجن کے صدر بھی منتخب ہوئے ہیں۔