اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف نے یونان میں کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر کل ایک دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر 14 جون کو یونان میں کشتی الٹنے کے حادثے پر کل 19 جون بروز پیر کو قومی سوگ منایا جائے گا۔
وزیراعظم نے حادثے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لیے 4 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔ کشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیر احمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری (ایف آئی اے) فیصل نصیر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
خصوصی کمیٹی یونان میں کشتی کے ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی، انسانی سمگلنگ کے پہلو کی تحقیقات کرے گی اور ذمہ دار افراد کا تعین کرے گی۔
اس کے علاوہ عالمی سطح پر انسانی اسمگلنگ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے تعاون اور اشتراک کی تجاویز دی جائیں گی،
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے یونانی ساحل کے قریب کشتی ڈوبنے کی اطلاعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دفتر خارجہ کو کشتی کے الٹنے اور اس میں پاکستانیوں کی ممکنہ موجودگی پر فوری ایکشن لینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حادثے میں پاکستانی شہری بھی موجود ہیں تو ان کی تمام تفصیلات فوری فراہم کی جائیں، پاکستانیوں کے لیے بہترین کوششیں کی جائیں، سستی اور نااہلی برداشت نہیں کی جائے گی، متاثرہ افراد کے لیے فوری طور پر ہیلپ ڈیسک قائم کیا جائے۔
وزیراعظم نے یونان اور مصر میں پاکستانی سفیروں کو بھی ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت کی جب کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اپنے اداروں کے ذریعے تفصیلات جمع کرکے تحقیقات کے بعد رپورٹ دینے کا کہا۔