اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان فریضہ حج ادا کرنے سعودی عرب پہنچ گئے۔
ٹوئٹر پر کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو مسجد نبوی کے سامنے دیکھا جا سکتا ہے، دونوں کرکٹرز نے اپنے عرب مداح کے ساتھ تصویر کھنچوائی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز اپنی والدہ اور اہلیہ کے ہمراہ اپنا مقدس فریضہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب میں مقیم ہیں۔حج کی ادائیگی کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دونوں کرکٹرز کو لاہور میں جاری تربیتی کیمپ میں شرکت سے استثنیٰ دیتے ہوئے خصوصی اجازت دی تھی۔
رضوان اور بابر اعظم سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹیسٹ ٹور کی تیاری کے لیے جولائی کے پہلے ہفتے میں کراچی میں دوبارہ ٹیم جوائن کریں گے۔واضح رہے کہ بابر اعظم اور رضوان سمیت پاکستانی عازمین کی بڑی تعداد حج کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب پہنچ رہی ہے۔اس سے قبل بابر اعظم نے افتخار احمد، فہیم اشرف، حارث رؤف اور دیگر قومی کرکٹرز کے ہمراہ رمضان المبارک میں عمرہ ادا کرنے کے لیے مقدس شہر مکہ مکرمہ کا سفر کیا۔