اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، عالمی برادری شرم الشیخ COP27 میں کیے گئے وعدے پورے کرے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے لیے سربراہی اجلاس میں عالمی رہنماؤں کی توجہ اہم امور کی جانب مبذول کرائی گئی ہے، پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک معاشی چیلنجز کی وجہ سے مختلف مسائل سے دوچار ہیں۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ مختلف مسائل کی وجہ سے ان ممالک کی ترقی میں خلل پڑا ہے، عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی ہوئی، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو سیلاب جیسی آفات کا سامنا کرنا پڑا 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، عالمی برادری شرم الشیخ COP27 میں کیے گئے وعدے پورے کرے۔
وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ مالیاتی تفاوت ختم نہ ہونے کی وجہ سے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں رکاوٹیں ہیں۔
دنیا کو اقتصادی اور ماحولیاتی چیلنجز کو مواقع کے طور پر لینا چاہیے اور سمت درست کرنی چاہیے ۔