اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان بھر میں لوگ شدید گرمی اور بجلی کی طویل بندش کے دوہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ملک بھر میں 8 سے 10 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ جاری ہے، بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 402 میگاواٹ ہے جب کہ بجلی کی طلب 27 ہزار میگاواٹ ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق پن بجلی کی پیداوار 6 ہزار 200 میگاواٹ، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 563 میگاواٹ جب کہ نجی شعبے کے پاور پلانٹس 9 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔
پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ ونڈ پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار 1 ہزار 245 میگاواٹ، سولر پاور پلانٹس کی پیداوار 100 میگاواٹ سے 130 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 3 ہزار 164 میگاواٹ ہے۔ . ، سسٹم اوورلوڈ اور ٹرپنگ کی وجہ سے کچھ علاقوں میں 12 گھنٹے سے زیادہ بجلی بند ہوگئی۔
لاہور میں شدید گرمی اور جان لیوا بھیڑ کے باعث بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
سسٹم پر لوڈ بڑھنے پر اوورلوڈ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز نے جواب دے دیا جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں رات بھر بجلی بند رہی۔
لیسکو کی بجلی کی طلب 5500 میگاواٹ سے تجاوز کرگئی، لوڈ بڑھنے سے ٹرانسفارمرز جلنے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا، عملہ کی کمی کے باعث شکایات کا بروقت ازالہ ممکن نہیں ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق حبس میں شدید گرمی اور طویل لوڈشیڈنگ سے بچے، بوڑھے، خواتین اور بیمار شہری مشکلات کا شکار ہیں، مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش سے پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔
لاہور کے علاقوں مزنگ، کچا جیل روڈ، امیر ٹاؤن، ہربنس پورہ، شاہدرہ ٹاؤن، امامیہ کالونی میں 24 گھنٹے بجلی منقطع رہی۔