اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) جنوبی کوریا میں سفاک ماں نے اپنے 2 نومولود بچوں کو بے دردی سے قتل کر کے لاشیں برسوں تک فریزر میں رکھ دیں۔
امریکن براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق جنوبی کوریا کی ایک عدالت میں اپنے ہی دو نومولود بچوں کا گلا گھونٹ کر ان کی لاشوں کو فریزر میں رکھنے کے الزامات کا سامنا کرنے والی والدہ کے پہلے ہی تین بچے تھے جن کی عمریں 12، 10 اور 8 سال تھیں۔
2018 میں جب 30 سالہ خاتون نے اپنے چوتھے بچے کو جنم دیا تو اگلے دن بچے کو گلا دبا کر قتل کر دیا گیا اور لاش کو فریزر میں رکھا گیا۔ ایک سال بعد اس خاتون نے ایک بچی کو جنم دیا۔اس بار بھی بے رحم ماں نے بچی کا گلا دبا کر لاش فریزر میں رکھ دی۔ اس طرح اب ان کے فریزر میں دو نوزائیدہ بچوں کی لاشیں تھیں۔یہ معاملہ رواں ماہ اس وقت سامنے آیا جب حکومت کے بورڈ آف ایڈلٹ اینڈ انسپکشن نے ایک آڈٹ رپورٹ میں پایا کہ 2018 اور 2019 میں ایک ہی خاندان میں پیدا ہونے والے دو بچوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹ اور بی فارم ابھی تک رجسٹر نہیں ہوئے ہیں۔
ہسپتال کے ریکارڈ میں بچوں کی موجودگی ٹھوس ثبوت تھی، جس پر پولیس نے خاتون کے گھر کی تلاشی لی اور فریزر سے بچوں کی لاشیں برآمد کر لیں۔ ماں نے بھی اعتراف جرم کر لیا۔پولیس نے بچوں کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے جس کے بعد ماں کے خلاف باقاعدہ کارروائی شروع کی جائے گی۔