اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)اسلام آباد، پنجاب، کے پی، بلوچستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے 12 افراد جاں بحق اور 15 سے زائد زخمی ہوگئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پری مون سون بارشوں کا سلسلہ 30 جون تک جاری رہے گا۔
پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے سے 11 افراد جاں بحق ہو گئے، لاہور میں شدید گرمی کے بعد موسلا دھار بارش ہوئی، جہاں سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ اور اس کے گردونواح میں ہوئی، بارش اور طوفان کے باعث لاہور کے 150 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے اور کئی علاقوں میں بجلی بھی چلی گئی۔ گوجرانوالہ، شیخوپورہ، نارووال اور سیالکوٹ میں بھی بارش ہوئی۔
بلوچستان کے علاقوں چمن، قلعہ سیف اللہ، موسیٰ خیل، کوہلو، قلات اور جھل مگسی میں موسلادھار بارش ہوئی جب کہ وادی زیارت اور گردونواح میں ژالہ باری ہوئی جس کے دوران ایک بچہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔کوئٹہ میں بھی بارش کے بعد کئی کھمبے گرگئے جس کے نتیجے میں شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔
ادھر پشاور میں موسلادھار بارش کے بعد اسٹیڈیم چوک میں پانی جمع ہوگیا، مالاکنڈ، سوات، چارسدہ، لوئر دیر، صوابی، مردان میں بھی مانسہرہ میں بارش ہوئی۔