اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )مہنگائی سے پسے ہوئے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، پنجاب میں گندم مہنگی ہونے سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں گندم مہنگی ہونے کے باعث فلور ملز نے آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ کر دیا ہے اور فائن آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی 200 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی خوردہ قیمت 2750 سے 2800 روپے تک پہنچ گئی ہے جب کہ باریک آٹے کی بوری 11500 روپے میں فروخت ہوگی۔ پنجاب بھر میں آٹے اور فائن فلور کی نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا ہے۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں تھیلے کی قیمت میں اضافہ متوقع ہے، گندم درآمد کرنے کی اجازت دی جائے، درآمد کرکے گندم مافیا کا توڑ کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کی اوپن مارکیٹ میں گندم کی زیادہ قیمتوں کے باعث خرید و فروخت میں مندی ہے، قیمتوں میں اضافے کے باعث چھوٹی فلور ملیں مہنگی گندم خریدنے سے گریزاں ہیں۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے غریبوں کا دو وقت کا کھانا بھی چھین لیا ہے، آٹے کی قیمتیں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ غریب کا جینا مشکل ہے۔