اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اوور ہیڈ برج یا اوور پاس پر سفر تو سب نے کیا ہو گا، لیکن ایسا راستہ کبھی نہیں دیکھا ہو گا جس سے دماغ گھوم جائے۔
اس اوور پاس کی 5 سطحوں پر 20 ریمپ 3 بڑے ایکسپریس ویز اور دیگر اہم راستوں کو 8 مختلف سمتوں سے جوڑتے ہیں اور اسی وجہ سے اسے دنیا کا سب سے پیچیدہ ٹریفک پل مانا جاتا ہے۔
یہ چین کا ہوانگ جیوان اوور پاس ہے جو چونگ کنگ شہر میں واقع ہے۔کچھ عرصہ قبل جب اس اوور پاس کی پہلی تصاویر جاری ہوئیں تو بہت سے لوگ یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے کہ اتنے ریمپ اور لین سے ڈرائیور کیسے اپنا راستہ تلاش کر پائیں گے۔اوور پاس کو پہلی بار 2017 میں جزوی طور پر عوام کے لیے کھولا گیا تھا اور تب سے اس کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں
دنیا کا سب سے بڑا چوراہا کون سے ملک میں ہے اور اسے کس نےڈیزائن کیا ؟
شہر کو ہوائی اڈے، شہر اور ایکسپریس ویز کو ملانے والے ایک اوور پاس کی ضرورت تھی، اور ڈیزائنرز نے اس منفرد پل کی شکل میں حل نکالا۔اس اوور پاس کی کل سڑک کی لمبائی 10 میل سے کچھ زیادہ ہے۔حکام کے مطابق اس اوور پاس کے منفرد ڈیزائن کی وجہ چنگ چیونگ شہر کی پیچیدہ ٹپوگرافی ہے۔یہی وجہ ہے کہ اسے دنیا کا سب سے پیچیدہ اوور پاس بھی کہا جاتا ہے۔
کچھ لوگوں کے مطابق اگر آپ غلط ریمپ پر سفر کرتے ہیں تو پھر آپ کو پورے شہر میں گاڑی چلانا پڑتی ہے لیکن ڈیزائنرز اس بات کو مسترد کرتے ہیں۔اس اوور پاس کی تعمیر کا منصوبہ 5 سال کے لیے بنایا گیا تھا اور اس کی تعمیر 7 سال تک جاری رہی اور اسے تعمیراتی معجزہ سمجھا جاتا ہے۔اس کے ڈیزائنرز کا کہنا ہے کہ اوور پاس پر راستے تلاش کرنے کے بارے میں تمام خدشات بے بنیاد ہیں اور راستوں کو سمجھنا زیادہ مشکل نہیں ہے۔
درحقیقت، وہ کہتے ہیں، نیویگیشن کو آسان بنانے کے لیے اوور پاس پر 20 ریمپ کی تعمیر ضروری تھی۔چونکہ یہ کئی بڑے راستوں کو جوڑتا ہے، اس لیے ڈیزائنر نے راستے کے ادراک کی انسانی غلطی کو مدنظر رکھا اور ڈرائیور کو تیزی سے گھومنے میں مدد کے لیے اضافی ریمپ بنائے۔ڈیزائنرز کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ڈرائیور غلط لین کا انتخاب کرتا ہے تو اسے 10 منٹ کے اندر باہر نکلنے کا راستہ مل جائے گا جبکہ سڑک کے نشان بالکل واضح ہیں