اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث خواتین اور 18 سال سے کم افراد کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمہ نہ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق 9 مئی کو فوجی تنصیبات سمیت سرکاری املاک پر حملوں میں ملوث خواتین اور 18 سال سے کم عمر افراد کے مقدمات عدالتوں میں چلائے جائیں گے جب کہ فو جی عدالتوں میں سماعت کے دوران ملزمان کو وکیل کرنے کا حق دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں
شہداء کے ورثاء سوال کررہے ہیں 9 مئی کے منصوبہ ساز کب کٹہرے میں آئیں گے ،فوجی ترجمان
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے اہل خانہ کو ہفتے میں ایک دن ملنے کی اجازت ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی کا کیس فوجی عدالت میں لے جانے پر غور کیا جا رہا ہے جب کہ بعض وزراء کا موقف ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کیس عدالتوں میں چلایا جائے۔ذرائع کے مطابق حکومت چاہتی ہے کہ عام انتخابات وقت پر ہوں اور اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے 4 یا 5 روز قبل اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی میں ہونے والی ملاقاتوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور نگراں وزیراعظم کا معاملہ طے نہیں پایا۔ رواں سال 9 مئی کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے اور جلاؤ گھیراؤ کیا۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جناح ہاؤس لاہور سمیت فوجی تنصیبات، تاریخی عمارتوں، سرکاری املاک اور گاڑیوں کو آگ لگا دی۔