اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کی عدالت میں پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے جواب دیا کہ امجد پرویز الیکشن کمیشن کی جانب سے دلائل دیں گے، امجد پرویز گھریلو وابستگیوں کے باعث آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں گے۔
اس موقع پر الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ کل سماعت ممکن نہیں، ضلعی عدالت شفٹ ہورہی ہے، ایف ایٹ کورٹ میں کل صبح کوئی کیس نہیں ہوگا
الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے جواب دیا کہ امجد پرویز سے بات کرکے 5 منٹ میں عدالت کو آگاہ کروں گا، جس کے بعد عدالت نے توشہ خانہ کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی، الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کمرہ عدالت کو منتقل کیا جا رہا ہے، ہم بھی چاہتے ہیں کہ سماعت پیر تک ملتوی کی جائے۔
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل گوہر علی خان عدالت میں پیش ہوئے۔
جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل گوہر علی خان کو بتایا کہ آج بہت مصروف ہوں، امجد پرویز آج پیش نہیں ہو سکتے، سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا ہے۔
جج ہمایوں دلاور نے قرار دیا کہ وہ توشہ خانہ کیس کی سماعت پیر کو نئی عدالتی عمارت میں کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل گوہر علی خان نے کہا کہ توشہ خانہ کیس کی سماعت نئی عدالت میں نئے ماحول کے ساتھ ہوگی، ’آپ کو نئی عدالت میں دیکھ کر اچھا لگے گا‘، انہوں نے توشہ خانہ کیس کے لیے پیر کی درخواست بھی کی۔
عدالت نے الیکشن کمیشن اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے توشہ خانہ کیس کی سماعت پیر 17 جولائی کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردی۔