اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے نئی پارٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعلیٰ اور سابق صوبائی صدر پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں پارٹی سے نکال دیا تھا۔
شوکاز کا جواب نہ دینے پر تحریک انصاف نے پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کردی
ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی قیادت میں نئی پارٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک کی اسلام آباد میں ملاقاتوں کا پہلا دور مکمل ہو گیا ہے، جبکہ پشاور میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقاتوں کا دوسرا دور جاری ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کی صدارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں کئی دنوں سے ملکی سیاسی صورتحال کو دیکھ رہا ہوں، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کر چکا ہوں، ملک کا سیاسی ماحول بہت خراب ہے اور اس ماحول میں چلنا مشکل ہے۔
جس کے بعد پی ٹی آئی نے پرویز خٹک کی جانب سے ارکان کو پارٹی چھوڑنے کی ترغیب دینے پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا اور جواب نہ دینے پر انہیں پارٹی سے نکال دیا تھا۔