اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )شام سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے سویڈن میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر تورات اور بائبل کو جلانے کا منصوبہ ترک کر دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سویڈن کے شہر سٹاک ہوم میں 32 سالہ احمد علوش نے تورات اور بائبل کو جلانے کا منصوبہ ترک کرتے ہوئے اپنے بیگ سے لائٹر نکال کر زمین پر پھینک دیا اور کہا کہ اس کا کبھی مقدس کتب کو جلانے کا ارادہ نہیں تھا۔ یہ صرف قرآن کی بے حرمتی کرنے والوں کے لیے پیغام ہے کہ مقدس کتابوں کو نہ جلایا جائے۔
سویڈن: قرآن پاک کی بے حرمتی کے مقام پر احتجاج ،ملعون کی گرفتاری کا مطالبہ
احمد نے اپنے بیگ سے قرآن پاک نکالا اور سویڈن میں قرآن جلانے کے پچھلے واقعات پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ اسلام پر تنقید کرنا چاہتے ہیں تو کر لیں، لیکن قرآن کو جلانا آزادی اظہار نہیں، اشتعال انگیزی ہے۔
واضح رہے کہ سویڈن کی عدالتوں نے اجتماع، اظہار رائے اور مظاہرے کی آزادی کے حق کے پیش نظر مقدس کتابوں کی کاپیاں جلانے کی آئینی اجازت دے رکھی ہے۔