اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش ہوئی ، وفاقی دارالحکومت میں دیواریں گرنے کے واقعات میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں شدید بارش کے دوران گولڑہ موڑ کے قریب پشاور روڈ پر دیوار گرگئی جس کے نتیجے میں 12 افراد دیوار کے نیچے دب کر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور مشینوں کے ذریعے ملبے تلے دبی 12 لاشوں کو نکالا۔پولیس کے مطابق گرنے والی دیوار تقریباً 100 فٹ لمبی اور 11 فٹ اونچی تھی، دیوار کی آڑ میں پل کی تعمیر کے لیے موجود مزدوروں نے خیمہ لگا رکھا تھا۔ .
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گرنے والی دیوار کے ملبے سے 4 کارکنوں کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ کھنہ کے علاقے محمد ٹاؤن میں بارش کے دوران دیوار گرنے سے 11 سالہ بچی بھی جاں بحق ہوگئی۔ دوسری جانب راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد پاک فوج کے دستے نالہ لئی پہنچ گئے ہیں اور کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر کٹاریاں اور گوالمنڈی سے شہریوں کا انخلا شروع کردیا گیا ہے۔
کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ رین ایمرجنسی کے پیش نظر نالہ لئی پر پاک فوج کے دستے تعینات کردیئے گئے ہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج ضلعی انتظامیہ کے ساتھ موجود رہے گی۔