اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)سی ٹی ڈی کی مختلف کارروائیوں میں کالعدم تنظیموں سے وابستہ 10 دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر مختلف شہروں میں 132 خفیہ کارروائیاں کیں جس کے دوران ٹی ٹی پی، داعش اور دیگر کالعدم تنظیموں سے وابستہ 10 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
لاہور، ملتان اور ڈی جی خان سے گرفتار دہشت گرد مزارات اور عبادت گاہوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ اٹک سے ٹی ٹی پی کے 2 کمانڈر گرفتار چینی شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ دہشت گردوں سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، اسلحہ، گولیاں، اہم عمارتوں کے نقشے اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔
دہشت گردوں کی شناخت عزیر، عادل، رمضان، عبدالرحمان، عثمان، آصف، معاویہ، اسامہ، رحمان اور حضرت شیان کے نام سے ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر فرقوں کے خلاف نفرت انگیز مواد شیئر کرنے پر 7 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ سی ٹی ڈی ساہیوال نے امجد عطاری، الطاف، عدنان، شہریار، اعجاز، حمزہ اور عثمان کو گرفتار کر لیا۔
رواں ہفتے 485 کومبنگ آپریشنز کے دوران 36 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ 21008 لوگوں سے پوچھا گیا۔ سی ٹی ڈی پنجاب نے یہ کارروائیاں لاہور، اٹک، سرگودھا، گوجران اللہ، ملتان اور ڈی جی خان میں کیں۔ ترجمان نے کہا کہ سی ٹی ڈی دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔