اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف نے آرمی ایکٹ کی منظوری میں کردار ادا کرنے والے اپنی جماعت کے سینیٹرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کی صدارت عمران خان نے کی۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں، سیاسی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آرمی ایکٹ کی منظوری کے عمل میں پی ٹی آئی ارکان کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ سینیٹر شبلی فراز پر مشتمل کمیشن معاملے کی جامع تحقیقات کرے گا اور پارٹی پالیسی سے انحراف کے مرتکب ارکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سینیٹ نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری دی تھی جس کے تحت قومی سلامتی اور سرکاری حیثیت میں مفاد میں حاصل کردہ معلومات کے غیر مجاز انکشاف پر 5 سال تک کی سزا ہو گی۔ اہلکار کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔