اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی، سماجی اور معاشی تباہی کے بعد آئین اور قانون آخری سانسیں لے رہے ہیں
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ آخری 10 دنوں کی حکومت سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے معاہدے کون کرے گا؟
آخری 10دن کی مہنگائی مارچ کرنے والی حکومت سے کون غیر ملکی سرمایہ کاری کےمعاہدے کرے گاپٹرول بم سے بڑابم بجلی کے بل کے ساتھ عوام کو ملنے والا ہے سیاسی سماجی اقتصادی تباہی کے بعد آئین اور قانون آخری ہچکیاں لے رہا ہے موجودہ حکومت آئندہ 10 دنوں میں عوام کے لیے مزید تباہی اور بربادی…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) August 2, 2023
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران آئندہ 10 دنوں میں عوام کے لیے مزید تباہی و بربادی کے فیصلے کریں گے، عوام کو ریلیف نہیں دیں گے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 85 ارکان پر مشتمل دنیا کی سب سے بڑی شاہی کابینہ جو 10 دن کے لیے مہمان اداکار ہے، آہستہ آہستہ پیٹرول، آٹا، چینی، گیس اور بجلی اس طرح مہنگا کر رہی ہے کہ غریب معاشی طور پر مر رہے ہیں ان کی خواہشات اور خبریں 10 دن میں دم توڑ جائیں گی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن کرانا یا نہ کرنا وقت آنے پر کرنے کا فیصلہ ہے، اب یہ غریب کا معاملہ نہیں رہا، 90 دن صرف ایک بہانہ ہے، حقیقت میں انہیں الیکشن کہیں اور لے جانا ہے۔ قانون اگر سپریم کورٹ اپنے فیصلوں پر عمل درآمد نہ کروا سکی تو 25 کروڑ عوام مایوسی کی دلدل میں کوئی بھی رخ اختیار کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ڈی ایم کے تمام سیاستدان الیکشن کے حوالے سے مختلف بیانات دے رہے ہیں اور تمام تر ذمہ داری الیکشن کمیشن پر ڈال رہے ہیں
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ایسے شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کرائے کہ اس کا نام تاریخ میں لکھا جائے