اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل ہو جائیں گی اور نگران وزیر اعظم کا فیصلہ کروں گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔
عشائیہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9 اگست کو اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی، تمام اتحادیوں اور سیاسی رہنماؤں سے مشاورت کی گئی ہے، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، ہر طرف خطرات تھے، ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا، 15 ماہ میں تمام تر تنقید کے باوجود ریاست کو بچایا، آج ہمارا ضمیر مطمئن ہے کہ ہم نے ملک کو بحرانوں سے بچایا
شہباز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جو کانٹے لگائے تھے ہم نے انہیں ہٹانا تھا، اس شخص کی ہٹ دھرمی نے ہر ادارہ اور شعبہ تباہ کردیا، مخلوط حکومت کے تعاون سے ہر مشکل پر قابو پایا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ آسان نہیں تھا، یہ پل بھی عبور کیا گیا، ہماری حکومت آئندہ چند روز میں ختم ہو جائے گی، ایسا نگران سیٹ اپ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو سب کے لیے قابل قبول ہو۔
اس سے وزیراعظم نے ارکان اسمبلی کا پرتپاک استقبال کیا ، وزیراعظم فرداً فرداً ارکان کی نشستوں پر گئے اور ان سے ملاقات کی۔
عشائیہ میں چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی شرکت کی، عشائیہ میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزراء اور حکومتی اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ کے لیے پرتعیش ڈنر کا اہتمام کیا گیا، مینو میں چکن منچورین، چکن کڑھائی، مٹن کڑھائی، باربی کیو کے ساتھ دیسی چکن، بیف بریانی، ماش دال، چکن شامی کباب اور مچھلی شامل تھی۔ اراکین اسمبلی کی تواضع میں میٹھے پکوان بھی پیش کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے عشائیہ سے قبل پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا
96