اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )اے این ایف نے قومی پرچم میں منشیات چھپا کر قطر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کی منشیات کے خلاف ملک گیر کارروائیاں جاری ہیں۔ حالیہ آپریشن میں 8 کارروائیوں کے دوران 78 کلو سے زائد منشیات برآمد اور 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
حکام نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کورئیر آفس میں پارسل سے آئس برآمد کی۔ 800 گرام آئس کو فلیگ اسٹکس میں چھپا کر قطر اسمگل کیا جا رہا تھا۔ دوسری کارروائی میں حب کے علاقے وندر کے قریب بس سے 4 کلو ہیروئن اور 1 کلو آئس برآمد کر کے تربت کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ادھر موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب کار سے 5 کلو ہیروئن اور 6 کلو چرس برآمد کر کے کار میں سوار خیبر اور پشاور کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ادھر پشاور کے علاقے مسری خان چوک کے قریب ایک گھر سے 21 کلو ہیروئن برآمد کر کے پشاور کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
مانسہرہ میں بیدری چوک کے قریب مقامی منشیات فروش کے قبضے سے 300 گرام چرس برآمد کر لی گئی۔ سیالکوٹ میں کوریئر آفس میں پارسل سے ہیروئن برآمد ہوئی۔ سرجیکل آئٹمز میں چھپا کر 5 کلو ہیروئن کینیڈا سمگل کی جا رہی تھی۔ دوسری جانب ملتان ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے ہیروئن سے بھرے 30 کیپسول برآمد کر لیے گئے۔ لاہور کا رہائشی ملزم فلائٹ نمبر G-9559 کے ذریعے سری لنکا جا رہا تھا۔
گوجرہ انٹر چینج کے قریب ایک ہنڈا کار سے 19 کلو 200 گرام افیون اور 20 کلو 400 گرام چرس برآمد کر کے سوات کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ اے این ایف کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی میں چرس برآمد کرکے ایک سمگلر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز نے ونڈر بلوچستان کے راستے بھاری مقدار میں منشیات کی سمگلنگ کی اطلاعات پر متعلقہ کمانڈر کو چیکنگ سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔