اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے سمری پر دستخط کے بعد انوارالحق کاکڑ نگراں وزیراعظم بن گئے۔
نگراں وزیراعظم کے نام پر وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان مشاورت کا دوسرا دور ہوا۔ اس سلسلے میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض آج وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور دونوں کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کی گئی۔
نگرا ن وزیراعظم کی تقرری کے حوالے سے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان حتمی مشاورت کا عمل کامیابی سے مکمل ہوگیا، جس کے مطابق نگراں وزیراعظم کے طور پر انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق کرلیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں
انوار الحق کاکڑ نگران وزیراعظم مقرر، صدر مملکت نے سمری کی منظوری دیدی
بعد ازاں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے مشترکہ طور پر دستخط کرکے ایڈوائس صدر پاکستان کو بھجوائی جس کے بعد صدر نے وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دستخط کرکے نگراں وزیراعظم کی تقرری کی منظوری دی۔ صدر نے آئین کے آرٹیکل 224 اے کے تحت تقرری کی منظوری دی۔قبل ازیں وزیراعظم نے مشاورتی عمل میں تعاون اور گزشتہ 16 ماہ کے دوران بہترین قائد حزب اختلاف کا کردار ادا کرنے پر قائد حزب اختلاف کا شکریہ ادا کیا۔