اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیاانوارالحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں سابق وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ اسپیکر راجہ پرویز شریف، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور پی ٹی آئی کے سینیٹر شہزاد وسیم، سابق وفاقی وزراء اور اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ انوارالحق کاکڑ نے پاکستان کے آٹھویں نگراں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔
انوار الحق کاکڑ کون ہیں؟
انوار الحق کاکڑ 1971 میں بلوچستان کے مسلم باغ قلعہ سیف اللہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم سینٹ گرامر فرانسس سکول کوئٹہ سے حاصل کی، پھر کیڈٹ کالج کوہاٹ میں داخلہ لیا۔ والد کی وفات کے بعد وہ کوئٹہ واپس آگئے۔ کاکڑ نے بلوچستان یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس اور سوشیالوجی میں ماسٹرز کیا اور اپنے کیرئیر کا آغاز اپنے آبائی اسکول میں پڑھانے سے کیا۔
سیاسی سفر
انگریزی، اردو، فارسی، پشتو، بلوچی اور براہوی زبانوں پر مکمل عبور رکھنے والے انوار الحق کاکڑ نے 2008 میں مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر کوئٹہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا تھا جس میں انہیں کامیابی نہیں ملی تھی۔
2008 میں انوار الحق کاکڑ کو بلوچستان عوامی پارٹی کا مرکزی ترجمان مقرر کیا گیا اور مارچ 2018 میں بلوچستان سے سینیٹ کے آزاد رکن منتخب ہوئے۔
انوار الحق کاکڑ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے، اس کے علاوہ وہ سینیٹ کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی، فنانس اینڈ ریونیو، خارجہ امور اور سائنس و ٹیکنالوجی کے رکن بھی رہے۔
انوار الحق کاکڑ نے سینیٹ میں 2018 میں قائم ہونے والی بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کا کردار بھی ادا کیا اور 5 سال تک اس عہدے پر خدمات انجام دیں۔