اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے جسٹس (ر) مقبول باقر کی بطور نگرا ن وزیراعلیٰ سندھ تقرری کی منظوری دے دی۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے مقبول باقر کی بطور نگرا ن وزیراعلیٰ تقرری کی منظوری دی۔ جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا، نگراں وزیراعلیٰ سندھ 16 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کی ملاقات میں جسٹس (ر) مقبول باقر کو نگراں وزیراعلیٰ سندھ بنانے پر اتفاق کیا گیا جس کے بعد سمری گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو ارسال کردی گئی ۔
نگراں وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر نے د کہا ہے کہ مجھے ذمہ داری سے آگاہ کر دیا گیا ہے، میری پہلی ترجیح کابینہ کی تشکیل ہو گی، انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ نگران حکومت کا کام الیکشن کمیشن کی مدد کرنا ہے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر کی زندگی پر ایک نظر
کراچی سے تعلق رکھنے والے جسٹس (ر) مقبول باقر 5 اپریل 1957 کو پیدا ہوئے، انہوں نے جامعہ کراچی سے ایل ایل بی کیا اور 1981 میں قانونی پیشے سے منسلک ہوئے۔26 اگست 2003 کو سندھ ہائی کورٹ کے مستقل جج بنے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر کو 20 ستمبر 2013 کو سندھ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا، پھر 17 فروری 2015 کو وہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج بنے، 4 اپریل 2022 کو سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر پر 2013 میں دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوئے تھے، حملے میں ان کے سیکیورٹی اسٹاف سمیت 9 افراد شہید ہوئے تھے۔