اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 696 افراد کو سول اعزازات دینے کی منظوری دے دی مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی پر 397 شخصیات کو سول اعزازات سے نوازا جائے گا، کوویڈ 19 وبا کے 299 شہداء کو بھی سول اعزازات سے نوازا جائے گا۔
سول اعزاز کی تقریب 23 مارچ 2024 کو ہوگی۔
سعودی شہزادہ خالد بن سلمان اور چین کے نائب وزیراعظم ہی لی پھنگ کو ہلال پاکستان ایوارڈز سے نوازا جائے گا جب کہ 26 افراد کو ہلال امتیاز، 18 کو ہلال قائداعظم، 19 کو ستارہ شجاعت، 50 کو ستارہ امتیاز دیا جائے گا۔ 69 افراد کو حسن کارکردگی ایوارڈز دیئے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور ان کے سابق پرنسپل سیکرٹری لال جان جعفر کو ستارہ امتیاز سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، راجہ ظفرالحق کو ہلال امتیاز، مفتی منیب الرحمان کو ستارہ امتیاز، مفتی عبد اشکور مرحوم کو ہلال امتیاز، ڈاکٹر شمشاد اختر کو ہلال امتیاز سے نوازنے کا اعلان کیا گیا۔
ثقافت کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کو ہلال امتیاز ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا۔
شاعر انور مسعود کو بھی ہلال امتیاز، گلوکار راحت فتح علی خان کو ہلال امتیاز، گلوکارہ شازہ منظور کو پرائیڈ آف پرفارمنس دیا جائے گا۔
گزشتہ سال بھی صحت، تعلیم، ادب، صحافت، فنون لطیفہ اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں شاندار خدمات پر 200 سے زائد شخصیات کو سول اعزازات سے نوازا گیا۔