اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ 13 پٹرولنگ انجینئرز کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔
حملے میں کوئی چینی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔چین نے گوادر میں چینی انجینئرز پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔
وانگ وین بن نے کہا کہ پاک چین دوستی اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، چین دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں چینی حکام منصوبوں کے تحفظ کے لیے کام کرتے رہیں گے، پاکستانی حکام منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہری، کمپنیاں اور ادارے چوکس رہیں۔
واضح رہے کہ 13 اگست کو گوادر بندرگاہ کے قریب چینی شہریوں کے قافلے پر حملہ کیا گیا تھا تاہم سیکیورٹی فورسز نے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 2 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، سیکیورٹی فورسز امن و خوشحالی کے دشمنوں کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔