اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنی کابینہ کے لیے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ذرائع کے مطابق نگرا ن کابینہ کے لیے تقریباً تمام ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اب صرف حتمی مشاورت کی جا رہی ہے جس کے بعد نگرا ن کابینہ کا اعلان آج کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں کابینہ کو آج حتمی شکل دی جائے گی اور کابینہ کے ارکان کل حلف اٹھانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد علی درانی کا نام نگراں کابینہ میں وزارت اطلاعات کے لیے شامل نہیں تاہم وزارت اطلاعات کا قلمدان سید محمد علی کو دیئے جانے کا امکان ہے جو کہ دفاعی تجزیہ کار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں کابینہ میں وزارت خارجہ کی ذمہ داری سابق سفارت کار جلیل عباس جیلانی کو سونپے جانے کا امکان ہے جو امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر بھی رہ چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلطان علی الانہ کا نام نگراں وزیر خزانہ کے لیے گزشتہ روز فائنل کیا گیا تھا تاہم ان کی دوہری شہریت کے باعث نگراں وزیر خزانہ کے لیے مزید دو ناموں پر غور کیا جا رہا ہے جن میں سے ایک کو ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر داخلہ کے لیے سرفراز بگٹی کا نام سب سے زیادہ سامنے آنے کا امکان ہے جس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ سابق وزیر داخلہ ہیں۔