اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ہائی وے پر پنڈی بھٹیاں کے قریب پک اپ وین اور مسافر بس میں تصادم کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں 18 مسافر جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مسافر کوچ کراچی سے اسلام آباد جارہی تھی کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب پک اپ وین میں ڈیزل بھرا ہوا تھا، مسافر کوچ میں 40 سے زائد مسافر سوار تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، 15 مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
ڈی پی او ڈاکٹر فہد کا کہنا ہے کہ حادثے میں بس اور پک اپ وین کا ڈرائیور بھی جاں بحق ہوا۔
ڈی ایس پی پنڈی بھٹیاں احسان ظفر نے بتایا کہ صبح ساڑھے 4 بجے کے قریب پک اپ وین اور مسافر کوچ میں تصادم ہوا۔ حادثے کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔
حادثے کے بعد آئی جی موٹروے پولیس نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا اور زخمی مسافروں کی عیادت کی۔
اس موقع پر آئی جی موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے بروقت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے 15 مسافروں کو زندہ نکال لیا، حادثے میں 18 افراد جاں بحق اور 15 مسافر زخمی ہوئے۔