اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )محکمہ موسمیات نے کل سے ملک بھر میں مون سون کی مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔بارشوں کا یہ سلسلہ 27 اگست تک جاری رہے گا جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 22 اگست کو بحیرہ عرب سے مون سون اور مغربی ہوائیں پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 23 سے 27 اگست تک کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ جہلم، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، قصور، شیخوپورہ، چترال میانوالی، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تیز اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 اور 26 اگست کو ڈی جی خان، راجن پور، ژوب، قلات اور خضدار میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
بارشوں کے باعث 23 سے 26 اگست تک اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے۔